حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران نے صیہونی مجرم اور غیرقانونی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملوں کو ناکام بنادیا۔ ایرانی ایئرڈیفنس سسٹم نے تہران، ایلام اور خوزستان کے مختلف فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کی صیہونی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے تمام حملے ناکام ہوگئے۔
ایران کے ایئر ڈیفنس سینٹر نے اعلان کیا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے یہ جارحانہ کارروائیاں اشتعال انگیزی اور کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش تھیں، جنہیں ایران کے جامع دفاعی نظام نے مؤثر طریقے سے روکا۔ حملوں کے بعد بعض مقامات پر معمولی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایران کے دفاعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں سے مستند معلومات حاصل کریں۔
ملک میں معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری
صیہونی حکومت کے ناکام حملوں کے بعد ایران بھر میں معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں۔ اسکول، کاروباری مراکز اور تمام سرکاری ادارے بدستور فعال ہیں۔ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں زندگی رواں دواں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اور حکومت صیہونی مجرموں کی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوئے۔
ایران کے ایئرڈیفنس سسٹم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کسی بھی صیہونی جارحیت کا بھرپور دفاع کرے گا اور دشمن کو اس کی مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔